بحیثیت وزیر اعلیٰ اعلان کرتا ہوں خیبر پختونخوا میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، علی امین گنڈاپور

26  جولائی  2024

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ امریکی ایجنڈے اور پالیسیوں پر عمل کر کے ہمارے خلاف آپریشن کیا گیا جس کا فائدہ نہیں نقصان ہوا، میں بحیثیت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعلان کرتا ہوں کہ اس صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، ہمارے فیصلے ہم خود کریں گے۔

بنوں امن مارچ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی صدیوں پر محیط تاریخ ہے اور پاکستان کو آزاد کرانے میں پختونخوا اور پشتوں نے اہم کردار ادا کیا ہے اور کشمیر کو آزاد کرانے میں بھی پختونخوا نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں اسلحہ و بارود پختونخوا کے قبائل اور عوام نے اپنی فوج کو دیا ہے، ہم نے تن من دھن کے ساتھ اپنے ملک، عوام، قوم سے وفاداری کی لیکن غلط پالیسیاں بنانے والے اور ہمارے اوپر تھوپنے والے لوگوں اور امریکا کے غلاموں نے ایسی پالیسیاں بنائیں کہ جس کی وجہ سے ہمیں بہت قربانیاں دینی پڑیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی ایجنڈے اور پالیسیوں پر عمل کر کے ہمارے خلاف آپریشن کیا گیا، ان آپریشنوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ نقصان ہوا ہے، میں بحیثیت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اعلان کرتا ہوں کہ اس صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے، ہمارے فیصلے کوئی اور نہیں کرے گا، اپنے فیصلے ہم خود کریں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ بنوں جرگے تمام 16 مطالبات منظور کیے گئے، میرے پاس دستخط شدہ دستاویز موجود ہے لیکن ہمارے اندر اور باہر ایسے عناصر موجود ہیں جو ہر بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، آپ ہی کے 16 نکات میں ایک نکتہ تھا کہ مدارس، کسی گھر یا خفیہ ٹھکانہ سمجھے جانے والے کسی بھی مقام پر کوئی اور ادارہ نہیں بلکہ ہماری انتظامیہ اور پولیس جائے گی اور وہ ہی صرف معاملے کو حل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ہم آپریشن والی کاروائی کریں گے لیکن سارے پختونخوا کے عوام سن لیں کہ مدرسے کے بچے ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں کیونکہ جو تعلیم وہ حاصل کر رہے ہیں وہ ہمارے دین کی تعلیم ہے، ہم نے بجٹ میں بھی مدرسوں کے لیے پیسہ رکھا ہے جبکہ مدرسوں اور مساجد میں سولر پینل بھی لگا رہے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تمام پختونخوا کے عوام سن لو، میں نے پہلے دن کہا تھا اپنی اصلاح کر لو، جو اصلاح نہیں کرے گا وہ سزا کے لیے تیار رہے، کوئی بھی، کسی بھی نام یا کسی ادارے کے نام سے بھی کوئی مسلح گروہ یا مسلح شخص پختونخوا میں نظر نہ آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو کارروائی کرنے پر سلام پیش کرتے ہوئے دوبارہ احکامات جاری کرتا ہوں کہ کارروائی جاری رکھیں، میں آپ کے ساتھ ہوں، عوام آپ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی عزت میری عزت ہے اور کسی پر ناجائز ہاتھ ڈالنے سے پہلے ہر کوئی سوچ لے کہ وہ اس پر نہیں بلکہ صوبے کے وزیر اعلیٰ پر ہاتھ ڈال رہا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میری ٹیم ہو، کرپشن کے خلاف لڑو، کرپشن مت چھوڑو، میں آپ کو اختیار دیتا ہوں، منشیات مت چھوڑو، منشیات فروش کو مت چھوڑو، میں آپ کے ساتھ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی شخصیت سے تو اختلاف ہو سکتا ہے، کسی انفرادی پالیسی یا رویے سے اختلاف ہو سکتا ہے لیکن جب شہید کے خلاف کوئی غلط بات کی جاتی ہے تو مجھے درد ہوتا ہے، اسی طرح ہمارے لیے جانیں دینے والے پولیس اور فوج کے شہدا کے خاندانوں کی کسی کی وجہ سے دل آزاری ہوتی ہے تو ہمیں یہ نہیں ہونے دینا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved