پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ن لیگ سے دوستیاں پرانی ہیں اور ایسے ہی چلیں گی، جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب ہوئی جس میں پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے بھی شرکت کی۔
شادی کی تقریب میں بھی جہانگیر ترین سے سیاسی سوالات ہوتے رہے، ایک صحافی نے جہانگیر ترین سے سوال کیا کہ کیا جہانگیر ترین کا جہاز کبھی ن لیگ کی طرف جا سکتا ہے؟۔ جس پر جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ جہاز تو کسی بھی طرف جا سکتا ہے۔ خواجہ سعد رفیق میرے بھائی ہیں اور اکٹھے فیملی میں رہ چکے ہیں، ن لیگ سے دوستیاں پرانی ہیں اور ایسے ہی چلیں گی۔
شادی کی تقریب میں شریک سردار ایاز صادق نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے مذاق میں کہا کہ جہانگیر ترین مسلم لیگ ن میں شمولیت کے سوال پر مسکراتے رہے، ان سے وجہ پوچھیں۔ اس کے بعد ایاز صادق نے ازراہ مذاق خود ہی جواب میں کہا کہ جہانگیر ترین ہوں یا کوئی اور پی ٹی آئی کا رہنما عمران خان کے سوا سب ہی مسکرا رہے ہیں۔