افغانستان کے نائب وزیراعظم عبدالغنی برادر نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے پاس کھانا، رہائش، گرم کپڑے، پیسے و دیگر سازوسامان نہیں ہے، دنیا کو سیاسی تعصب سے بالاتر ہو کر افغان عوام کی حمایت کرنا ہوگی، اور اپنی انسانی ذمے داریوں کو پورا کرنا ہو گا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں عبدالغنی برادر کا کہنا تھا کہ سرد ترین موسم نے افغان عوام کی پہلے سے ہی ابتر صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے، طالبان ملک بھر میں بین الاقوامی امداد کی تقسیم میں مدد کیلئے تیار ہیں، ہم عالمی برادری، این جی اوز اور تمام ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ افغانستان کے غریب لوگوں کو نہ بھولیں۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس موسم سرما میں افغانستان کی نصف سے زائد آبادی کو قحط سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس خراب صورتحال میں امریکہ نے افغانستان کے اربوں ڈالر کے اثاثے منجمد کر رکھے ہیں، جبکہ ملک بھر میں امدادی سرگرمیاں بھی تعطل کا شکار ہیں، ایسی صورتحال میں یہ پہلا موقع ہے کہ طالبان کے سینئر ترین رہنماء کی طرف سے مدد کی اپیل کی گئی ہے۔