وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مری کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے، مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی اور 16 سے 19 افراد کی گاڑیوں میں اموات ہوئی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مری میں برف باری میں پھنسے لوگوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے مری میں ریسکیو آپریشن تیز کرنے کا حکم دے دیا۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 کے افسران اور عملہ امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرے۔ سیاحوں کو ضروری امدادی اشیاء بھی فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیو آپریشن کیلئے راولپنڈی اور دیگر شہروں سے اضافی مشینری اور عملہ مری بھجوانے کی ہدایت بھی کردی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں بعض افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ حکومت سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔واضح رہے کہ مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کی بڑی تعداد پھنس جانے کے باعث 16 سے 19 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔دوسری جانب وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مری پہنچنے کے بعد اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اتوار کی شام تک مری جانے والے تمام راستے ہر طرح کی آمدورفت کے لیے بند کر دیئے گئے ہیں اور فوج کی پانچ پلاٹون مری میں طلب کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مری میں صرف خوراک اور کمبل لے کر جانے والی گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ انتظامیہ رات بھر مری میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کرتی رہے ہے تاہم اب بھی ایک ہزار سے زائد گاڑیاں مری میں پھنسی ہوئی ہیں۔