سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران مقابلے میں کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، بلوچستان کے علاقے کیچ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 4 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی مطابق مصدقہ اطلاعات پر گزشتہ رات ضلع بنوں کے علاقے تھانہ لکی کے حدود امیر وانڈا روڈ پر دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے ٹیم پر اچانک فائرنگ شروع کردی، اور جوابی فائرنگ میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ جب کہ دیگر دہشتگرد رات کے تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب ترجمان پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جو 2 بچوں کے قتل سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ اکتوبر 2021 میں تربت کے علاقے کوشاں میں دستی بم پھٹنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔حکام کے مطابق دستی بم دہشت گردی کی کارروائی کے لیے چھپایا گیا تھا۔