سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن نے الزام لگایا ہےکہ پاکستان کے سابق کپتان سلیم ملک نے انہیں 1994 میں ٹیسٹ میچ میں خراب کارکردگی دکھانے پر لاکھوں ڈالرز کی رشوت کی پیشکش کی۔
شین وارن نے اپنی نئی دستاویزی فلم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے پاکستان کے خلاف خراب بولنگ کرانے کے عوض 2 لاکھ 76 ہزار ڈالرز تک کی پیش کش پاکستانی کھلاڑی نے ہی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس میچ میں پاکستان کے خلاف فتح کے لیے مضبوط پوزیشن میں تھے۔
وارن کا کہنا تھا کہ سلیم ملک نے یہ بولا تھا کہ ’اگر ہم کو شکست ہوئی تو ہمارے گھروں کو خاندان سمیت جلا دیا جائے گا‘۔
آسٹریلوی بولر نے کہا کہ اس کے بعد سلیم ملک نے مجھے اگلے یعنی پانچویں روز ناقص بولنگ کروانے اور وکٹ نہ لینے کے عوض دو لاکھ ڈالرز کی رقم پیش کی مگر میں نے صاف انکار کردیا۔
واضح رہے کہ 1994 میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا، آخری روز آسٹریلیا کو فتح حاصل کرنے کے لیے 7 وکٹوں جبکہ پاکستان کو 160 رنز کی ضرورت تھی۔
سلیم ملک نے شین وارن کے الزامات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ دستاویزی فلم کو بیچنے اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے فکسنگ معاملے کا ناجائز سہارا لیا گیا، تمام الزامات بے بنیاد ہیں، 5ہزار ڈالر لے کر پچ کے بارے میں اطلاع دینے کا اعتراف کرنے اور ممنوعہ ادویات کے استعمال کی وجہ سے سزا پانے والے شخص کے کردار کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، خود 5 ہزار ڈالر پر بکنے والا 2 لاکھ کیسے ٹھکرا سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ میرے اس وقت کے وکیل عظمت سعید آسٹریلیا جاکر یہ کیس بھی جیتے ہوئے ہیں، شین وارن ایک جھوٹا شخص ہے جو اب دوبارہ الزامات لگاکر اپنی دکانداری چمکانے کی کوشش کررہا ہے۔
واضح رہے کہ سلیم ملک پر سن 2000 میں میچ فکسنگ کی وجہ سے تمام طرز کی کرکٹ سے تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی۔
شین وارن کا سلیم ملک پر رشوت کی پیشکش کا الزام، سلیم ملک کا جواب
8
جنوری 2022