الیکشن کمیشن کے آج کے اجلاس میں مخصوص نشستوں پرکوئی فیصلہ نہ ہوسکا

18  اکتوبر‬‮  2024

الیکشن کمیشن کے آج کے اجلاس میں مخصوص نشستوں پرکوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے اسپیکر کے خط کا جائزہ لیا گیا، قانونی ٹیم نے اسپیکر قومی اسمبلی اور  صوبائی اسپیکرز کے خطوط پر بریفنگ بھی دی۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں کا معاملہ ابھی التوا میں ہے، الیکشن کمیشن کے آج کے اجلاس میں مخصوص نشستوں پرکوئی فیصلہ نہ ہوسکا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن کا  آئندہ اجلاس کل یا پرسوں دوبارہ ہونےکا امکان ہے۔

دوسری جانب مخصوص نشستوں کے کیس پر سپریم کورٹ کے اکثریتی 8 ججز نے دوسری مرتبہ وضاحت جاری کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کی درخواست پر سپریم کورٹ سے دوسری وضاحت دی گئی ہے۔

اکثریتی ججز کے مطابق الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے 12 جولائی کا فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہو سکتا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے ماضی سے اطلاق کو وجہ بنا کر فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا، مختصر حکمنامے کے بعد الیکشن ایکٹ میں کی جانے والی ترامیم کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔

ججز کا کہنا ہے کہ فریقین کی طرف سے اٹھائے گئے تمام قانونی اور آئینی معاملات کو جامع طور پر نمٹا دیا گیا ہے، جوابات دیے گئے ہیں، لہٰذا مزید کسی وضاحت کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت کے فیصلے کا آئین کے آرٹیکل 189 کے تحت لازم نفاذ ہے اور اسے نافذ کیا جانا چاہیے تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved