مری میں شدید برفباری اور سیاحوں کے رش کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی اور 16 سے 19 افراد کی گاڑیوں میں اموات کے بعد سیاحتی مقام کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
شہبازشریف
سیاحوں کی اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مری اور گلیات میں ٹریفک رش میں پھنسی گاڑیوں میں شہریوں کی امواتاموات انتظامی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا دردناک واقعہ ہےِ، جب حکومت کو پتہ تھا کہ شہری اس قیامت خیز سردی میں پھنسے ہوئے ہیں تو انہیں بچانے اور محفوظ مقامات تک پہنچانے کی کوشش کیوں نہ ہوئی۔قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی میں تو اخلاقی جرات بھی نہیں ہے، کم ازکم اس سنگین مجرمانہ غفلت کے ذمہ دار وزیر اور ماتحتوں کو ہی برخاست کیا جائے، اس خون ناحق پر کسی کو تو ذمہ دار ٹھہرایا جائے؟۔
بلاول بھٹو زرداری
مری اور گلیات میں سردی کے باعث سیاحوں کی اموات پر اظہار افسوس اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو سنگین صورتحال سے پہلے آگاہ کیا جاتا تاکہ سانحہ رونما نہ ہوتا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ افسوس ناک سانحے پر پورا ملک سوگوار ہے، انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔
مریم نواز
مریم نواز کاٹوئٹ میں کہنا تھا کہ حکومتوں کا کام صرف سیاح گننا نہیں بلکہ ان کے لیے پیشگی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔ شہباز شریف کے بوٹوں اور خدمت کا مذاق اُڑانے والا اپنے محل میں بیٹھا اپنی گرتی ہوئی حکومت بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ یہ اموات برفباری سے نہیں، حکومتی غفلت سے ہوئی ہیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ افسوسناک بات حکومت کا متاثرین کوالزام دینا اوران پرطنزکرنے والا رویہ ہے۔میں نے کبھی ایسی افراتفری،نااہلی اورسب سے بڑھ کرحکومت نہیں دیکھی جس کا عوام کی مشکلات سے کوئی واسطہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ مری میں بے یارو مددگار برف میں دھنسے رہنے والے پورے کے پورے خاندانوں کی موت کے دردناک واقعہ نے دل ہلا کے رکھ دیا ہے۔ اللّہ تعالی مرحومین اور انکے لواحقین اور پاکستان پر اپناخصوصی رحم فرمائے۔ آمین
حکومتوں کا کام صرف سیاح گننا نہیں بلکہ ان کے لیے پیشگی انتظامات اور حفاظتی اقدامات کرنا ہے۔ شہباز شریف کے بوٹوں اور خدمت کا مذاق اُڑانے والا اپنے محل میں بیٹھا اپنی گرتی ہوئی حکومت بچانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ یہ اموات برفباری سے نہیں، حکومتی غفلت سے ہوئی ہیں۔
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) January 8, 2022