صوابی میں پی ٹی آئی کا پاور شو، عمران خان اسی ماہ احتجاج کی فائنل کال دیں گے، علی امین گنڈاپور

9  ‬‮نومبر‬‮  2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے زیراہتمام صوابی میں جلسہ عام اختتام پذیر ہوگیا، جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، علی امین گنڈاپور نے جلسے میں اعلان کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اسی مہینے فائنل کال دیں گے، کارکنان اس کے لیے تیاری شروع کردیں، اب ہم اپنے قائد کو رہا کروائے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

صوابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ میں آپ کو عمران خان کا پیغام دے رہاہوں کہ نومبرکے مہینے میں عمران خان کال دینے والے ہیں وہ کال یہ ہوگی کہ اس بارہم جب گھروں سے نکلیں گے تو اپنے گھروالوں کو بتاکے نکلیں گے کہ اگرہماری میت نہ آئے تو ہمارے جنازے پڑھ لینا۔

دوران خطاب علی امین گنڈا پور کا حلف دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان نے جو مجھے نومبر میں فیصلہ کن کال دینی ہے اس کے بعد بے شک میری جان یا میرا سب کچھ چلا جائے، جب تک عمران خان کو رہا نہ کرا لوں، گھر واپس نہیں جاوں گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ میں ہمیشہ اپنے کارکنوں کی طرف دیکھتا ہوں کیونکہ آپ عمران خان اور حقیقی آزادی کی طاقت ہیں، پاکستان کو آزاد کرانے کے لیے ہمارے آباؤاجداد نے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہاکہ آزادی قربانی کے بغیر نہیں ملتی، اب ہمیں عمران خان کی سربراہی میں حقیقی آزادی کے لیے نکلنا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ عمران خان کے دیے گئے ہر حکم پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے حکومت کو للکارتے ہوئے کہاکہ آپ کی جانب سے ہمارے کارکنوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے اس کا ہم حساب لیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اب قوم کے پاس ایک ہی آپشن ہے کہ وہ عزتیں نیلام کروائے یا حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ کارکنان آج سے فائنل معرکے کی تیاری شروع کردیں، جب بھی کال ملے تو بوریا بستر سمیت ایک سفید چادر سر پر لینی ہے۔

اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کارکنوں سے ہاتھ اٹھا کر حلف لیا کہ وہ عمران خان کے ہر حکم پر عمل کریں گے اور ان کو رہا کروانے تک واپس نہیں جائیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved