جب تک آئینی بینچ نہیں بیٹھے گا کیا ہم غیر آئینی ہیں، جسٹس منصور علی شاہ

11  ‬‮نومبر‬‮  2024

سپریم کورٹ میں ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ اس وقت کوئی آئینی بینچ نہیں تو یہ جو غیر آئینی بینچ بیٹھا ہے اسکا کیا کرنا ہے، جب تک آئینی بینچ نہیں بیٹھے گا کیا ہم غیر آئینی ہیں؟

جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران مماعت آئینی بینچ کا تذکرہ ہوا جس پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ یہ کیس آئینی بینچ سنے گا ہم ریگولر بینچ سن رہے ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے مطلب ہے کہ جب تک آئینی بینچ نہیں بیٹھتا آئینی مقدمات نہیں سنے جائیں گے، ہم اس کیس کو سن بھی لیں تو کوئی ہمیں پوچھ نہیں سکتا، اب بار بار یہ سوال سامنے آیا ہے کیس ریگولر بینچ سنے گا یا آئینی بینچ، اگر ہم کیس کا فیصلہ کر بھی کر دیتے ہیں تو کیا ہوگا؟

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ چلیں اگر ہم خود فیصلہ کر دیتے ہیں تو ہمیں کون روکنے والا ہے؟ نظر ثانی بھی ہمارے پاس آئے گی تو ہم کہہ دیں گے کہ ہمارا دائرہ اختیار ہے، آئینی مقدمات ریگولر بینچ نہیں سن سکتا وکلاء کی طرف سے بھی کوئی معاونت نہیں آرہی ہے۔

جسٹس عقیل عباسی نے سوال اٹھایا کہ ابھی ہم یہ کیس سن سکتے ہیں یا نہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ تھوڑا وقت دیں تو دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 2 اے کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی اس کا فیصلہ کرے گی جس میں ابھی وقت لگے گا، پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی اس کا فیصلہ کرے گی کہ یہ کیا آئینی بینچ سنے گا یا ریگولر بینچ۔

جسٹس منصور علی شاہ نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے کہ ہم آپ کی گزارش پر کوئی نقط نظر نہیں دے سکتے اس کو ملتوی کر دیتے ہیں، ہم صرف گپ شپ لگا رہے ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved