گذشتہ ماہ ستمبر میں امریکہ کی جانب سے ایک مختصر بیان میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل میں موجود امریکی فورسز مشرق وسطیٰ میں موجود امریکی مرکزی کمان میں شامل ہو گئی ہیں۔
امریکہ کے ایک عسکری عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ مشرق وسطیٰ میں ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے۔ اس سے قبل اسرائیل میں موجود فورسز کی امریکی مرکزی کمان میں شمولیت نا ممکنات میں سے تھا۔ عالمی دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران کے بڑھتے ہوئے خطرے بالخصوص اس کے میزائل پروگرام سے نمٹنے کے سلسلے میں یہ اقدام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
خلیجی جریدے العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں مکڈیل بیرک امریکیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان عسکری معلومات کی رابطہ کاری کے مرکز کے طور پر استعمال کی جائے گی۔
ان اقدامات کی اس زاویے سےاہمیت بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے کہ اب امریکیوں کو ایران یا اس کی ملیشیاؤں کی جانب سے بھیجے گئے میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے حوالے سے خبردار کرنے والے نیٹ ورکس کو منظم کرنے پر زیادہ قدرت حاصل ہو جائے گی۔
العربیہ نیوز کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مزید ایسی معلومات بھی موصول ہوئی ہیں جن سے خطے میں ایران کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکا اسرائیل تعاون کی تفصیلات کا انکشاف ہوتا ہے۔