القادر ٹرسٹ (190 ملین پاؤنڈ) کیس کا فیصلہ محفوظ، پیر کو سنایا جائے گا

18  دسمبر‬‮  2024

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا، جو پیر کو سنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔

ٹرائل کی آخری سماعت سوا 8 گھنٹے جاری رہی، اس موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوئے۔

ملزمان کے وکلا نے حتمی دلائل مکمل کر لیے، جس کے بعد عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا، جو پیر کو سنایا جائے گا۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران وکیل صفائی سلمان صفدر نے حتمی دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ یہ سیاسی انتقام کا ریفرنس ہے، اس سے پہلے ہم ہر مقدمے میں بے گناہ اور معصوم ثابت ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا ریفرنس ہے جس میں رقم حسن نواز کے لیے جا رہی تھی لیکن وہ ملزم نہیں، ریفرنس مخصوص جوڑے کو نشانہ بنانے کے لیے بنایا گیا۔

وکیل سلمان صفدر نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم بننے سے قبل ہی عمران خان سوشل ورکر کے طور پر جانے جاتے ہیں، اربوں روپے کی ڈونیشن اکٹھی کرتے ہیں، نیب کا ریفرنس 50 فیصد تک ملک ریاض کے گرد گھومتا ہے لیکن وہ ریفرنس میں شامل تفتیش نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام اس حد تک اندھا ہو گیا کہ سوشل ورک کو بھی نشانہ بنا دیا گیا، ملزمان کی جیب میں ایک دھیلا تک نہیں گیا، نیب نے ریفرنس میں اپنا مؤقف تبدیل کرلیا ہے۔

وکیل صفائی نے مزید کہا کہ اب نیب نے اپنا مدعا تبدیل کرکے مفادات کے ٹکراؤ کا ریفرنس بنا لیا ہے، اس ریفرنس میں ذاتی فائدہ لیا گیا نہ ریاست کو نقصان ہوا، بلکہ رقم پاکستان آئی۔

ان کا مؤقف تھا کہ بشری بی بی سیاسی خاتون نہیں نہ ہی پبلک آفس ہولڈر ہیں، جتنے پیسے آئے موجود ہیں، خرد برد ہوئی نہیں، ٹرسٹ چل رہا ہے، اس لیے ریفرنس بریت کا ہے سزا کا نہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved