مری میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مری پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے مری کے متاثرہ علاقے کا فضائی دورہ کیا اور وہاں پر جاری امدادی سرگرمیوں کاجائزہ لیا، حکام کی جانب سے وزیراعلی کو متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ کو ریلیف کمشنر نے امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی، معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔قبل ازیں وزیراعلی پنجاب رات گئے تک مری ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے، ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا۔
راولپنڈی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کے جوان رات بھر متحرک رہے، مری کی بڑی شاہراہوں پر شدید برفباری کی وجہ سے 20 سے 25 بڑے عمارتی درخت گرے جس سے راستے بلاک ہو گئے تھے، تمام سیاحوں کو رات ہونے سے پہلے ہی ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا تھا، چوبیس گھنٹوں میں 500 سے زائد فیملیز کو ریسکیو کیا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ہوا جس میں صوبائی وزیرقانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری پنجاب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب ،آئی جی پنجاب نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سانحہ مری میں جان بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائے گی۔