جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے، مری میں قیامت خیز برفانی طوفان کے دوران برف کے نیچے دب جانے والی بچی ایک دن بعد بھی زندہ بچ گئی، جسے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ریسکیو ٹیمیں مری میں برف کے نیچے دب جانے والی بچی کو نکال رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ برف سے بچی کا دوپٹہ نکلنے پر کسی انسان کی موجودگی کو بھانپتے ہوئے برف کو کھودا گیا، اور برف کے نیچے دبی بچی کو نکالا گیا، جو معجزاتی طور پر زندہ نکلی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل مری کے علاقوں کلنڈنہ اور جھیکا گلی کے قریب شدید برف کے باعث سڑک پر گاڑیوں میں محصور ہو کر سردی اور دم گھٹنے سے 22 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، جس کے باعث مری کو آفت زدہ قرار دے کر شہر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہر میں سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا تھا، لیکن 3 روز گزرنے کے باوجود بھی ابھی معمولات زندگی معمول پر نہیں آ سکے۔