دو روز قبل برفانی طوفان کے باعث آفت زدہ قررار دئیے جانے والے شہر مری کو ضلع کا درجہ دینے کے ساتھ اس کا نام تبدیل کرنے کی تجویز بھی سامنےآئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی تحصیل مری کو ضلع کوہسار کا نام دینے کی تجویز کے ساتھ کوہسار ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ضلعے میں کون کون سے علاقے شامل ہوں گے، اس حوالے سے تجاویز پر کام جاری ہے، جس کیلئے چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے سفارشات طلب کی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع راولپنڈی کی بھی دوبارہ سے حد بندی کی جائے گی، جس کے بعد ضلع مری کی حد خیبر پختونخوا تک ہو جائے گی۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو اراکین اسمبلی سے مشاورت کی ہدایت کر دی ہے، جس کے بعد مری کے نئے نام اور حد بندیوں کو حتمی شکل دی جائے گی، کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے بعد یہ اتھارٹی ضلع بھر میں تعمیر و ترقی، ریسکیو اور ریلیف کی ذمہ دار ہو گی جبکہ نئے ضلع کو مشینری خریدنے کیلئے خصوصی فنڈزبھی فراہم کئے جائیں گے۔