وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی رومانیہ کے ہم منصب بوگدان اریسکو سے ملاقات، تجارت، دفاع اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق

10  جنوری‬‮  2022

پاکستان اور رومانیہ نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، یہ اتفاق پیر کو بخارسٹ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی رومانیہ کےاپنے ہم منصب بوگدان اوریسکو کے ساتھ ملاقات میں طے پا یا گیا۔

اسلام آباد – (اے پی پی): رومانیہ میں ہونے والی اس ملاقات میں پاکستان کے رومانیہ میں سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رومانیہ کے وزیر خارجہ بوگدان اوریسکو نے دورہ رومانیہ کی دعوت قبول کرنے اور رومانیہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان قریبی اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

فریقین نے اتفاق کیا کہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور جلد اسلام آباد میں ہوگا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے رومانیہ کے وزیر اقتصادیات فلورین سپاتارو سے بھی ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

دوران ملاقات دو طرفہ اور یورپی یونین کی سطح پر تعلقات، تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، دو طرفہ اور یورپی یونین کے حوالے سے، رومانیہ کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت، اقتصادی ترجیحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔فریقین نے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا کے چیلنج کے باوجود، پاکستان اور رومانیہ کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافے کو سراہا۔ وزیر خارجہ  نے پاک۔یورپی یونین تعلقات کے تناظر میں، پاکستان کے ساتھ جی ایس پی پلس کے تسلسل کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور یورپی یونین میں پاکستان کے لیے رومانیہ کی حمایت کو سراہا۔

رومانیہ کے وزیر اقتصادیات فلورین سپاتارو نے افغانستان سے رومانیہ کے شہریوں کے محفوظ انخلا میں پاکستان کی بھرپور معاونت کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved