اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی نااہلی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں لکی مروت کے رہائشی فدا اللہ کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ دوران سماعت فداااللہ نے درخواست میں اپنایا گیا موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن کے دوران اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے 16 ایم این ایز فروخت ہوئے، شیخ رشید نےاس کی تصدیق کی اور کہا کہ ان کے خلاف کارروائی نہیں کرسکتے، اگر ان اراکین کانام لے لیا تو ان کی حکومت ختم ہو جائے گی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزارکو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں سیاسی تقریرنہ کریں، قانونی حوالہ دیں۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ کے استفسار پر درخواست گزار نے بتایا کہ وہ خیبر پختونخوا کے شہرلکی مروت سے تعلق رکھتے ہیں، جہاں سے رکن قومی اسمبلی کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے، اس پرچیف جسٹس نے کہا پھرایم این اے سے کہیں وہ درخواست دائر کریں۔