وزیراعظم کا قومی سلامتی پالیسی کے غیر خفیہ نکات پبلک کرنے کا فیصلہ، کشمیر سمیت دیگر اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

11  جنوری‬‮  2022

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی حکومت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی قومی سلامتی پالیسی کے اہم نکات سامنے آگئے جس میں معیشت، ملٹری اور انسانی تحفظ کو بنیاد قرار دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان 100 صفحات پر مشتمل قومی سلامتی پالیسی میں سے 50 صفحات کا جمعے کے روز اجراء کریں گے، قومی سلامتی  پالیسی معیشت، ملٹری اور انسانی سلامتی کے 3 بنیادی نکات پر مشتمل ہے، معیشت اور سیکیورٹی کو قومی سلامتی پالیسی میں مرکزی حیثیت دی گئی ہے۔

پاکستان میں قومی سلامتی سے متعلق تاریخ میں پہلی بار ایک جامع پالیسی تیار کی گئی ہے، جس پر  پر سالانہ کی بنیاد پر نظر ثانی کی جائے گی، نئی حکومت کو پالیسی میں رد و بدل کا اختیار حاصل ہوگا، لیکن  نیشنل سیکیورٹی کمیٹی ہی اس پالیسی کی وارث رہے گی، اور ہر ماہ حکومت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کو عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی۔

قومی سلامتی پالیسی میں 2 سے زائد ایکشن وضع کئے گئے ہیں، قومی سلامتی پالیسی میں ایکشن کا حصہ کلاسیفائیڈ تصور ہوگا، اس پالیسی کا بنیادی نقطہ خطے میں امن، رابطہ کاری اور ہمسایہ ممالک سے تجارت پر مبنی ہوگا، ہائبرڈ وار فیئر بھی قومی سلامتی کمیٹی کا حصہ ہوگا، پالیسی میں ملکی وسائل کو بڑھانے کی حکمت عملی دی گئی ہے۔

کشمیر کو پاکستان کی سلامتی پالیسی میں اہم قرار دیا گیا ہے، مسئلہ کشمیر کا حل پالیسی کی ترجیحات میں شامل ہے، ایران سے معاملات عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد آگے بڑھانے کا اختیار حکومت وقت کو تفویض کیا گیا۔ قومی سلامتی پالیسی میں بڑھتی آبادی کو ہیومن سیکیورٹی کا بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے، شہروں میں ہجرت، صحت، پانی، ماحولیات، فوڈ، صنفی امتیاز ہیومن سیکیورٹی کے اہم عنصر قرار دیے گئے ہیں۔گڈ گورننس، سیاسی استحکام، فیڈریشن کی مضبوطی بھی اس پالیسی کا حصہ قرار دیا گیا ہے، پالیسی پر سیاسی فریقین کو اعتماد میں لینے کیلئے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن آمادہ ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved