وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سپین کی وزیر صنعت و تجارت سے ملاقات، جی ایس پی پلس سٹیٹس پر حمایت کا شکریہ

11  جنوری‬‮  2022

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈرڈ میں سپین کی وزیر صنعت و تجارت و سیاحت ماریا رئیس ماروٹو الیرا سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے یورپی یونین میں جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے اسپین کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے اسپین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

میڈرڈ – (اے پی پی): منگل کے روز ہونے والی ملاقات میں فریقین نے پاکستان اور سپین کے درمیان اقتصادی تعاون کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے، اسے مزید فروغ دینے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی، اقتصادی وسیاحتی روابط کے فروغ کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر، مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا عزم کیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور سپین کے مابین دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت، اپنی توجہ جغرافیائی، اقتصادی ترجیحات پر مرکوز کئے ہوئے ہے، پاکستان، 220 ملین سے زائد صارفین پر مشتمل مارکیٹ، بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی دلچسپی کا باعث بن رہی ہے جبکہ پاکستان کی کاروبار دوست پالیسیوں کے باعث، کاروباری سہولیات فراہم کرنے والے ممالک کے مابین، عالمی سطح پر، پاکستان کی درجہ بندی میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ ہسپانوی سرمایہ کارکمپنیاں پاکستان میں ہاؤسنگ اور تعمیرات، دواسازی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور کھیلوں کے سامان سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے، میسر مواقعوں سے بھرپور استفادہ کر سکتی ہیں۔

وزیر خارجہ نے پاکستانی مارکیٹ میں بڑے ہسپانوی ٹیکسٹائل گروپس کی حالیہ شمولیت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھائیں گی۔ریتیلے ساحلوں سے لے کر پرشکوہ پہاڑوں تک، پاکستان میں بہت سے سیاحتی مقامات موجود ہیں۔ پاکستان سیاحت کے فروغ کیلئے، ہسپانوی مہارت سے استفادہ کرنے کا متمنی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یورپی یونین میں جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے اسپین کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ نے اسپین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان نے، ایف اے ٹی ایف کے معیارات پر پورا اترنے، دہشت گردی کی معاونت اور غیر قانونی ترسیل زر (منی لانڈرنگ ) کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔توقع ہے کہ اسپین، پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے، ایف اے ٹی ایف کے عمل میں پاکستان کی حمایت کرے گا۔

سپین کی وزیر تجارت، صنعت و سیاحت، محترمہ ماریا رئیس ماروٹو الیرا نے پاکستان اور اسپین کے درمیان تجارتی، اقتصادی وسیاحتی روابط کے فروغ کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کا عندیہ دیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved