لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی بیٹی اور داماد کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی، ایرا اور سرکاری محکموں کے فنڈز میں بدعنوانی کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد عمران یوسف کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
احتساب عدالت نے رابعہ عمران اور عمران یوسف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے، دونوں ملزمان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد بھی ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
احتساب عدالت نے کہا ہےکہ ملزمان کو اشتہاری قرار دینے سے قبل پیش ہونے کیلئے 30 روز کی حتمی مہلت دی گئی تھی، لیکن شہباز شریف کی بیٹی اور داماد نے عدالتی مہلت سے فائدہ نہیں اٹھایا، لہٰذا اب دونوں ملزمان کی گرفتاری اور عدالت پیشی تک وارنٹ گرفتاری قائم رہیں گے، جس کے مطابق دونوں ملزمان کا سٹیٹس اشتہاری ہو گا۔