وفاقی حکومت نے متاثرہ لڑکی کو برہنہ کرنے کی ویڈیو کو ناقابل تردید ثبوت قرار دیتے ہوئے عثمان مرزا کیس کی خود پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزارت قانون میں وفاقی وزیرقانون کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں میں پارلیمانی سیکریٹری قانون ملیکہ بخاری اور آئی جی اسلام آباد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں عثمان مرزا ویڈیو بلیک میلنگ کیس اور کل کی سماعت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مشاورت کے بعد حکومت نے عثمان مرزاکیس کی خود پیروی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ لڑکی کو برہنہ کرنے کی ویڈیو ناقابل تردید ثبوت ہے، ایسےعمل کرنے والے کو قانون کے مطابق سزاملنی چاہیے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز کیس کی سماعت میں متاثرہ لڑکی نے عدالت میں تحریری بیان جمع کرایا تھا، اور لڑکی کا کہنا تھا کہ وہ ویڈیو بنانے والے لڑکے ریحان کو نہیں جانتی، میرے ساتھ کسی نے زیادتی نہیں کی، اور نہ ہی میں نے کسی کو کوئی رقم ادا کی ہے۔ متاثرہ لڑکی نے کہا کہ پولیس اہلکار مجھ سے سادہ کاغذ پر دستخط کراتے رہے تھے، اور اس سے قبل کے بیان حلفی پولیس نے خود بنائے ہیں، میں اس کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی۔