یوکرائن کے تنازع پر روس کے امریکہ اور نیٹو ممالک کے ساتھ مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں، جس کے باعث ماسکو اور نیٹو ممالک میں کشیدگی برقرار ہے، جبکہ پولینڈ نے جنگ کا امکان بھی ظاہر کر دیا ہے۔
خلیجی جریدے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ویانا میں ہونے والے مذاکرات کے متعلق روسی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ناکام رہے ہیں، بنیادی مسائل پر ماسکو اور نیٹو ممالک میں اب بھی ڈیڈلاک پایا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے بڑے مطالبات پر مغربی ممالک کی جانب سے کوئی ٹھوس جواب نہیں دیا جا رہا ہے، روس کا مطالبہ ہے کہ سوویت یونین سے الگ ہونے والی ریاستوں کو سے نیٹو افواج واپس بلائی جائیں، اور یوکرائن کو مستقبل قریب یا بعید میں بھی نیٹو کا رکن نہ بنانے کی یقین دہانی کرائی جائے۔
روسی حکام کا مزید کہنا ہے کہ ہمارا یوکرائن پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں، لیکن نیٹو ممالک کو بھی روسی سیکیورٹی کی ضمانت دینا ہو گا، جس کیلئے اس خطے سے نیٹو فورسز کا انخلا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ مہینے مذاکرات میں مثبت طرزعمل کے طور پر روس نے یوکرائن کی سرحد سے 10 ہزار فوجیوں کو واپس بلا لیا تھا، اور سرحد پر جاری فوجی مشقیں بھی ختم کر دی تھیں۔ اس کے ردعمل میں امریکی حکام کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ماسکو کے ساتھ کسی بھی وقت بات چیت کیلئے تیار ہے، لیکن اپنے اتحادیوں کے دفاع کے وعدوں پر قائم رہیں گے۔
او ایس سی ای کے اجلاس میں پولینڈ کے وزیر خارجہ نے مغربی ممالک کو خبردار کیا کہ موجودہ تناؤ کی وجہ سے یورپ 30 برس میں جنگ کے سب سے زیادہ قریب دکھائی دے رہا ہے۔