وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ شہبازشریف نوازشریف سے زیادہ کرپٹ ہیں،ان کا کہنا تھا کہ وہ تاریخی جملہ بولنا چاہتے ہیں کہ چاروں شریف پاکستان کی سیاست سے مائنس ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف آنا چاہتے ہیں تو آئیں، نہیں آنا چاہتے تو نہ آئیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ چاہتے ہیں کہ جو ہاتھ عمران خان کے سر پر ہے وہ ان کے سر پر ہو، وہ ہاتھ ان کی گردن پر تو آ سکتا ہے سر پر نہیں۔وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کل جو کچھ اپوزیشن کے ساتھ ہوا اب ان کو ہوش کے ناخن لینے چاہیے، اپوزیشن اندھی وہیل مچھلیاں ہیں، اندھی اپوزیشن دو دو لانگ مارچ کر رہے ہیں ایک مرتبہ ہی کرو تاکہ ٹوکرہ آپ پر رکھ دیا جائے، لانگ یا لونگ مارچ کریں کچھ بھی کریں، ہم لانگ مارچ میں رکاوٹ نہیں کریں گے، 23 مارچ کو او آئی ایس کے مہمان آ رہے ہیں، جے ٹین بھی فضائی مارچ کرے گا، 23مارچ کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے یہ دفاعی اہمیت کا دن ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن آئی ایم ایف جائے تو حلال، عمران خان جائے تو حرام ہے، یہ لوگ 23 بار آئی ایم ایف جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط سخت تھیں مگر جانا پڑا کیوں کہ حالات ٹھیک کرنے ہیں.وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 4 ماہ بعد بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، او آئی سی کے مہمان پاکستان آئیں گے، بھارت پھر شور شرابا ڈالے گا۔انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت اربوں روپے تقسیم کیے گئے، شہباز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے زیادہ کرپٹ ہیں۔
شیخ رشید نے مزید کہا ہےکہ ہماری حکومت کو ساڑھے 3 سال ہو چکے ہیں، اس سے قبل حکمراں 14، 18 اور 22 ماہ میں بھی گھر گئے ہیں۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا ہے کہ راولپنڈی کے عوام کے لیے یہ خوش خبری ہے کہ نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 3 سے 4 مہینے کے اندر مہنگائی کا خاتمہ کر دیں گے، اپریل کے مہینے میں صورتحال کافی بہتر ہوگی، اب ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہو گی، اپنے علاقے کے لوگوں سے جو وعدے کئے تھے ان پر کام شروع ہونے جا رہا ہے، عمران خان کی حکومت 5 سال پورے کرے گی۔