پاکستان انسانی بحران سے بچنے کے لیے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اعلامیہ ایپکس کمیٹی

14  جنوری‬‮  2022

وزیراعظم کے زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ میں افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان سے متعلق ایپکس کمیٹی کا تیسرا اجلاس منعقد ہوا جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ایپکس کمیٹی کو انسانی امداد پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس میں غذائی اجناس، گندم، ہنگامی طبی سامان، موسم سرما میں پناہ گاہیں اور دیگر سامان شامل ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ افغانستان اس سخت سردی کے دوران بھوک اور بحرانی صورتحال کے دہانے پر ہے، بحران لوگوں کے لیے مناسب خوراک اور رہائش حاصل کرنا مشکل بنا دیتا ہے۔اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا، ایپکس کمیٹی نے امدادی اداروں پر فوری کارروائی کرنے پر زور دیا۔

ایپکس کمیٹی نے ایک بار پھر افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ پاکستان انسانی بحران سے بچنے کے لیے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان کے لیے امداد کی اپیل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔اعلامیے کے مطابق پاکستان اپنی ضرورت کے وقت افغانوں کو نہیں چھوڑے گا، بین الاقوامی برادری اور امدادی ادارے اس نازک موڑ پر امداد فراہم کریں، افغانستان کی معاشی تباہی کو روکا جا سکے اور افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ متعلقہ حکام دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو تلاش کریں، افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت خاص طور پر میڈیکل، آئی ٹی، فنانس اور اکاؤنٹنگ کے شعبوں میں برآمد کریں۔وزیراعظم نے افغانستان کی بحالی اور ترقی میں مدد کے لیے ریلوے، معدنیات، فارماسیوٹیکل اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف بھی شریک ہوئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved