بھارت کے سابق چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بھارت کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ، کاک پٹ ریکارڈ اور عینی شاہدین سے تحقیقات کے بعد ابتدائی نتیجے پر پہنچی ہے، جس کے مطابق ڈیفنس چیف جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر کا پائلٹ موسم میں آنے والی اچانک تبدیلی کی وجہ سے رستہ بھول گیا تھا، ہیلی کاپٹر موسم میں غیر متوقع تبدیلی کے باعث بادلوں میں داخل ہوا، جس کی وجہ سے پھر پائلٹ اپنی سمت درست نہیں رکھ پایا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ کسی کی غفلت، تکنیکی خرابی یا کسی اور وجہ سے نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ گذشتہ مہینے بھارت کے سابق چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کا ہیلی کاپٹر بھارتی ریاست تامل ناڈو میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں بپن راوت اور انکی اہلیہ سمیت 14 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔