جعلی اکاونٹس کیسز میں آصف زرداری کےخلاف نیو یارک اپارٹمنٹس پر نیب انکوائری میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف زرداری کی ضمانت منظوری کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کو طبی بنیادوں پرضمانت دی۔احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیسز سے متعلق تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ آصف علی زرداری کو صحت کے مسائل کی وجہ سے کیس میں مستقل ضمانت دی جاتی۔احتساب عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ آصف زرداری کے خلاف نیویارک پراپرٹی کیس انکوائری کے مرحلے میں ہے۔ نیب کا کیس میں آصف زرداری کے خلاف شواہد اکٹھے کرنا ابھی باقی ہے۔
احتساب عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ نیب ٹھوس شواہد کی بنیاد پر آصف علی زرداری کی ضمانت منسوخی کی درخواست دے سکتا ہے۔عدالتی فیصلے کے مطابق نیب کو آصف زرداری کے خلاف اثاثہ جات کی شکایات 2018 اور 2019 میں موصول ہوئیں۔ جے آئی ٹی رپورٹ نیب کو اپریل 2019 میں موصول ہوئی۔احتساب عدالت کا کہنا ہے کہ آصف زرداری دوسرے مقدمے میں گرفتار ہونے کے بعد دسمبر 2019 میں رہا ہوئے۔
واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیسز میں سابق صدرآصف علی زرداری کے خلاف نیو یارک اپارٹمنٹس پر نیب کی انکوائری جاری ہے۔