امریکی پابندیوں کے با جودشمالی کوریا کی جانب سے ریلوے ٹیکٹیکل گائیڈڈ میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے امریکہ کی جانب سے عائد نئی پابندیوں کا جواب دیتے ہوئے ٹرین سے دو گائیڈیڈ بیلسٹک میزائلز کا تجربہ کیا ہے جس کی اطلاع سرکاری حکام کی جانب سے دی گئی ہے۔ شمالی کوریا نے پہلی بار ٹرین سے ستمبر 2021ء میں میزائل فائر کرنے کا تجربہ کیا تھا، شمالی کوریا کا رواں ماہ یہ تیسرا میزائل تجربہ ہے۔ شمالی کوریا نے رواں ماہ 5 اور 11 جنوری کو ہائپر سونک میزائل کے تجربات کیے تھے۔رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز کیے گئے ٹیسٹ سے میزائل کی رفتار اور ٹارگٹ کو نشانہ بنانے کا پتہ چلا ہے جبکہ ملک بھر کی ٹرینوں میں میزائل داغنے والے آپریٹنگ سسٹم قائم کرنے پر بھی بات کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے صدر امریکہ کی جانب سے نئی پابندیوں کے باوجود اپنے ہتھیاروں کے تجربات سے پیچھے نہیں ہٹ رہے ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کم جون اُن امریکی دھمکیوں کو کتنی سنجیدگی سے لیتے ہیں جبکہ یہ تجربہ رواں ماہ کا تیسرا ایسا تجربہ ہے۔
دوسری جانب شمالی کوریا نے نئی امریکی پابندیوں کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کی بھی دھمکی دی ہے۔شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ امریکا پابندیاں عائد کر کے جان بوجھ کر صورتِ حال خراب کر رہا ہے۔شمالی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی کوریا کو ملکی دفاع کا حق حاصل ہے۔