وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت اب تک 40 ارب روپےکے قرضے منظور کیے گئے ہیں۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب عثمان ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کونئے کاروبارشروع کرنے کیلئے 50 ارب روپے قرض تقسیم کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ نوجوان معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ہماری آبادی کا بہت بڑا حصہ روزگار کی تلاش میں ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کیے جائیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے پیچھے ایک شفاف نظام ترتیب دیا گیا۔ کامیاب جوان پروگرام کے تحت چالیس ارب کے قرضے منظور کیے جا چکے ہیں جس میں سے تیس ارب روپےجوانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔فرخ حبیب اور معاون خصوصی عثمان ڈار نے بتایا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 22 ہزار نئے کاروبار شروع کیے گئے، جس جس کے پاس آئیڈیا تھا،اس کو قرض دیا گیا۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ رواں سال جوانوں میں 50 ارب روپے کے قرضے تقسیم کریں گے، منظور شدہ 40 ارب روپے میں سے 30 ارب روپے فراہم کردیے گئے ہیں، ہم نے نوجوانوں کو نون لیگ کی طرح نیلی پیلی ٹیکسی کے پیچھے نہیں لگایا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ نون لیگ دور میں صرف 26 ارب روپے تقسیم ہوئے تاہم ہماری حکومت نے محض 2021 میں 27 ارب روپے جاری کیے، ن لیگ دور میں قرض پروگرام کی سربراہ مریم نواز تھیں، تمام قرض وزیراعظم آفس سے منظور ہوتے تھے تاہم اب بینک قرضے منظور کررہے ہیں تاکہ شفافیت کو ملحوظِ خاطر رکھا جاسکے۔
عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ 2023 پاکستان میں نوجوانوں کا سال ہوگا۔ عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ کوشش ہے 12 اگست 2022 کو نوجوانوں کے عالمی دن کی میزبانی پاکستان کو ملے۔
نوجوانوں میں نئے کاروبارکیلئے 50 ارب روپے کےقرضےتقسیم کیے جائیں گے، فرخ حبیب
15
جنوری 2022