وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ صحت کارڈ کا سب سے زیادہ فائدہ سفید پوش اور مڈل کلاس طبقے کو ہو گا، امیر لوگ تو بیرون ملک جاکر اپنا علاج کرواتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ سے ہیلتھ کے مسائل حل ہوں گے، جس پر ہر خاندان 10 لاکھ روپے تک علاج کروا سکے گا، نجی اسپتال جائیں تو علاج کا خرچہ حکومت اٹھائے گی، حادثے میں زخمی شخص کا بھی صحت کارڈ کے تحت فوری علاج ہو سکے گا، صحت کارڈ کا سب سے زیادہ فائدہ سفید پوش اور مڈل کلاس طبقے کو ہوگا، امیر لوگ تو بیرون ملک جاکر اپنا علاج کرواتے ہیں، مساوات قائم ہوگی وہی علاج غریب کا ہوگا جو امیر کا ہوتا ہے، جب تک پرائیویٹ سیکٹر آگے نہیں آئے گا کبھی بھی مسئلے حل نہیں ہوسکتے،اچھے اسپتال بنیں گے تو یہ عوام کیلئے فائدہ ہے، یہ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سندھ حکومت صحت انصاف کارڈ میں اپنا حصہ ڈالیں، تمام پریس کلبوں کے ممبران کو صحت کارڈ دینے جارہے ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ سب سے زیادہ مشکل میں تنخواہ دار طبقہ ہے جن کی تنخواہیں نہیں بڑھائی جاتیں، آمدن کم اور اخراجات زیادہ ہوں تو مہنگائی زیادہ لگتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کا خیال ہے مہنگائی سے عمران خان کی مقبولیت متاثر ہوئی، صرف تحریک انصاف ہی ایسی جماعت ہے جو پورے ملک کی نمائندگی کرتی ہے، مسلم لیگ نون سینٹرل پنجاب جبکہ پیپلز پارٹی سندھ تک محدود ہے۔ آئندہ 5 سال بھی پی ٹی آئی کے ہوں گے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ حماد اظہر اور پرویز خٹک کے درمیان کوئی بحث نہیں ہوئی، حماد اظہر تو چاہیں گے ہر جگہ گیس ملے، گیس سکیموں کو مکمل کرنے کیلئے ہر سال 90 ارب روپے چاہئیں۔