وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ شریف فیملی ڈیل مانگ رہی ہے، جو ڈیل اور ڈھیل دینی تھی وہ مل چکی،اب عمران خان ڈٹ کر کھڑا ہوا ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 106 میں مسلم لیگ ن کو کوئی امیدوار نہیں ملا۔ ماضی میں ملک کو سڑکوں پر لگایا گیا لیکن تعلیم اور صحت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جب کہ صحت کے معاملے میں ہم صحت کارڈز دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں کے لیے اپنے مریضوں کا علاج کروانا مشکل تھا لیکن آج عمران خان نے سب کا اعلی اسپتالوں میں علاج ممکن بنایا۔ کہا گیا تھا سڑکیں اور پل بنانے ہیں، تعلیم اور صحت کی خیر ہے اور غریبوں کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں ہوتے تھے۔ میری ذاتی توجہ اسکولوں اور کالجوں پر ہے۔شہباز گل نے کہا کہ عمران خان ہی غریب کو علاج کے لیے وہاں لے گیا جہاں نہیں ہو سکتا تھا۔ فیصل آباد میں تو مڈل اسکول ہی پورے نہیں ہیں۔ اب ووٹ کا مقابلہ ووٹ سے ہی ہوگا، ہیرا پھیری سے نہیں، تعلیم کے نام پر فیصل آباد کے ساتھ مذاق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو 3،4 بتیوں کے پیچھے لگا دیا گیا تھا اور روز بتایا جارہا ہے کہ اب نواز شریف صاحب آ رہے ہیں، جب کہ ایاز صادق کہہ رہے تھے کہ میں جا رہا ہوں نواز شریف کو لے کے آ رہا ہوں، کیا نواز شریف ملک کا راستہ بھول گئے ہیں ؟
معاون خصوصی نے کہا کہ آپ کو جو ڈیل اور ڈھیل دینی تھی وہ مل چکی اب آپ کے سامنے عمران خان ڈٹ کے کھڑا ہے اور آپ کو بتانا پڑے گا کہ چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے ؟ہم نواز شریف کو واپس لانا چاہتے ہیں اور اب ان کا ویزا ختم ہو رہا ہے تو انہیں واپس بھیج دیا جائے گا اور اب مسلم لیگ ن والے ایک ڈھیل مانگیں گے لیکن ہم انہیں اُبلا ہوا آلو اور چھلی بھی نہیں دیں گے جبکہ آپ برگر اور چکن مانگ رہے ہیں۔