بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو عوام کا معاشی قتل قرار دیا، شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم اور غریب عوام کا معاشی قتل ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، انہوں نے پیٹرول کی قیمت میں تین روپے سے زائد اضافے کو معاشی قتل قرار دیا۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گیس بجلی کے بعد اب پیٹرول کی قیمتوں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکا ہے اور قیمتوں میں اضافے کے اثرات براہ راست عوام پر پڑیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک آئی ایم ایف کو گروی رکھ دیا ہے، اب پاکستان کے فیصلے بیرون ملک میں ہورہے ہیں۔چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔
پٹرولیم مصنوعات میں 3 روپے فی لیٹر مزید اضافہ سراسر ظلم، اور غریب عوام کا معاشی قتل ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے پر عوام کو ریلیف نہیں دیاگیا تھا لیکن اضافے پر خوب پھرتی دکھائی جاتی ہے۔ نا اہلی، نالائقی اور کرپشن میں ڈوبی حکومت عوام کو مہنگائی کی دلدل میں ڈبو چکی ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) January 16, 2022
سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نا اہلی، نالائقی اور کرپشن میں ڈوبی حکومت عوام کو مہنگائی کی دلدل میں ڈبو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے پر عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا تھا، جبکہ بڑھنے پر خوب پھرتی دکھائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، پیٹرول 3 روپے 1 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے، مٹی کا تیل 3 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 33 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔