وزیر اعظم کا روسی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، اسلامو فوبیا سے متعلق بیان کا خیر مقدم

17  جنوری‬‮  2022

وزیر اعظم عمران خان کا روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا،وزیراعظم نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے اسلاموفوبیا سے متعلق بیان کا خیر مقدم کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ولادی میر پیوٹن  نے رسول اللہ ﷺسے متعلق مسلمانوں کے جذبات اورحساسیت کو سمجھااوراسلاموفوبیا سے متعلق بیان کا خیر مقدم کیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر سے تجارت اور دیگر اہم  امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نےباہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم عمران خان نے توہین رسالت کے خلاف صدر پیوٹن کے بیان کو سراہا، انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا میں خوفناک اضافے اور اس سے منسلک نفرت کو باقاعدگی سے اجاگر کیاگیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، تجارتی و اقتصادی تعلقات اور توانائی کے تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، انہوں نے پاک روس قیادت کا پاکستان ا سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے۔افغانستان کو سنگین انسانی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ اس نازک موڑ پر افغانستان کے عوام کے لیے بین الاقوامی برادری کی حمایت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔وزیراعظم نے افغان عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے افغانستان کے مالیاتی اثاثوں کے اجراء کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون، اعلیٰ سطح کے تبادلے بڑھانے اور افغانستان سے متعلق معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا اورایک دوسرے کو اپنے ممالک کے دورے کی دعوت دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved