پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا نے ن لیگ کی قیادت میں سے 4 افراد کے نام بتا دئیے ہیں جنہوں نے ڈیل کیلئے ملک کی طاقت ور شخصیت سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی اے آر وائی کے شو آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے ڈیل کیلئے ملک کی طاقتور شخصیات سے ملاقات کی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ن لیگ کے اندر بھی ایک بڑا دلچسپ کھیل شروع ہے، ن لیگ کے چار بڑے نام ایک بڑی شخصیت سے ملاقات کرنے گئے اور کہا کہ میاں نواز شریف صاحب نے تو ملک کے ساتھ غلط کیا ہے، آپ ہمارے بارے میں سوچیں۔ جب صحافیوں نے پوچھا کہ وہ 4 افراد کون سے ہیں تو انہوں نے کہا کہ وہ پہلی صف میں ہی بیٹھتے ہیں، آپ کو معلوم ہے کہ وہ کون ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہم پاک فوج کسی سے کوئی ڈیل نہیں کر رہی، یہ سب قیاس آرائیاں ہیں، ہمیں سیاست میں نہ گھسیٹا کریں۔