پی ٹی آئی کی سینئر قیادت نے اپنے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کو پارٹی پر بے جا تنقید کرنے کے باعث شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر پرویز خٹک نور عالم خان کو شوکاز نوٹس جاری کریں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پی ٹی آئی کے ایم این نور عالم خان نے قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا پاکستان میں صرف سوات، صوابی، نوشہرہ اور میانوالی ہی چار ضلعے ہیں، سارے فنڈز یہیں لگیں گے تو ہم کہاں جائیں، پشاور والوں کو بھی گیس نہیں مل رہی، وہ کہاں جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر اور لینڈ کروزر سے نیچے اتریں، مہنگائی سے ستائی عوام کو دیکھیں، سارے مسائل اگلی تین قطاروں میں بیٹھے افراد کی وجہ ہیں، ان کے نام ای سی ایل میں ڈال دیں، تحقیقات کریں، مسئلہ حل ہو جائے گا۔ علاوہ ازیں ضمنی مالیاتی بل کی منظوری سے قبل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی نور عالم خان نے حکومتی وزراء کو کافی تنقید کا سامنا بنا یا تھا۔
شوکاز نوٹس کی خبروں پر ردعمل میں نور عالم خان کا نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر مہنگائی پر بات کرنا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے تو میں 100 بار کروں گا۔ دوسری جانب ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں نور عالم خان نے کہا کہ میرے لئے پارٹی کی بجائے پاکستان پہلی ترجیح ہے، اگلی تین قطاروں میں بیٹھے افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے بیان پر قائم ہوں، سب کا احتساب ہونا چاہیے۔
Pakistan comes first 4r me party / politics comes 2nd I believe in Accountability i still stand by the statement that I give that all 3 rows plus advisors now N Xnames should be put on ECL .some personalities come 1st For me PAKISTAN 🇵🇰 comes 1st Pakistan zindabad
— Noor Alam Khan (@NOORALAMKHAN) January 16, 2022