تعلیمی اداروں میں دی جانے والی تعلیم کا ملکی ضروریات سے کوئی تعلق نہیں، وزیراعظم

17  جنوری‬‮  2022

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں نوجوانوں کی تعلیم کو ملک کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے جبکہ ہمارے ملک میں دی جانے والی تعلیم کا ملک کی موجودہ ضروریات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ہری پور – (اے پی پی و دیگر): ہری پور میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ زبردست منصوبہ ہے جو پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت نے پرویز خٹک کی وزارت اعلیٰ کے دور میں شروع کیا تھا، یہ ڈاکٹر عطاء الرحمن کا منصوبہ تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مستقبل ٹیکنالوجی کا ہے، سپیشل ٹیکنالوجی زون پورا ایکو سسٹم ہے، اس کے ہمارے معاشرہ پر بہترین اثرات مرتب ہوں گے، پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اس لئے ہم تعلیم میں جتنی زیادہ سرمایہ کاری کریں گے اتنا ہی ہمارے ملک کیلئے فائدہ مند ہے، تعلیمی اداروں میں نوجوان جو کچھ پڑھ کر آتے ہیں وہ مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ نہیں، آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے اس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے کیونکہ ہمیں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو روزگار فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک تعلیمی اداروں اور تعلیم کے اعلیٰ معیار سے بنتے ہیں، یونیورسٹیوں سے ملک کے مختلف شعبوں کیلئے قیادت میسر آتی ہے، یورپ نے اپنے بہترین تعلیمی اداروں کی وجہ سے ترقی کی، ماضی کی حکومتوں نے تعلیم کے شعبہ میں کام نہیں کیا، تین طرح کا نظام تعلیم چلتا رہا، قوم ایک نظریہ سے وجود میں آتی ہے، ہم نے پانچویں تک یکساں نصاب متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، اس میں مزید اضافہ کی توقع ہے، اس شعبہ میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، آئی ٹی کے شعبہ پر توجہ دینے سے برآمدات بھی بڑھیں گی اور روزگار کے مواقع بھی۔ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی حکومت کو اس منصوبہ پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رواں سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوا ہے، بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنا بہت بڑا چیلنج ہے، آئی ٹی کے شعبہ پر توجہ دے کر برآمدات بھی بڑھائی جا سکتی ہیں اور روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے جا سکتے ہیں، آنے والا دور ٹیکنالوجی کا ہے، تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنا ہو گی، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے پرویز خٹک کے دور میں زبردست کام کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال ریکارڈ ٹیکس جمع ہوئے ہیں، جیسے جیسے ریونیو بڑھے گا تعلیم اور صحت کے شعبہ میں مزید خرچ کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، صوبائی وزیر عاطف خان، ڈاکٹر عطاء الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سپیشل ٹیکنالوجی زون کا سنگ بنیاد رکھا۔

قومی صحت کارڈ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ہیلتھ کارڈ کا اجراء بھی کیا تھا، وسائل نہ ہونے کے باوجود تمام شہریوں کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی بہت بڑا قدم ہے، ہماری صوبائی حکومت نے مقامی حکومتوں کے نظام، ماحولیات اور سیاحت پر بھی بھرپور توجہ دی۔

وزیراعظم عمران کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک نے بطور وزیراعلیٰ زبردست کام کئے، ہماری حکومت میں خیبر پختونخوا پہلا صوبہ تھا جہاں موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیات کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے اقدامات کئے گئے ہیں، ہماری حکومت سے پہلے ملک میں صرف درخت کاٹے جاتے تھے لگائے نہیں جاتے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved