اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کو 3900 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 اپریل کو کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے کرائے جائیں گے۔ان انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت سے 3 ہزار 900 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں مانگ لیں۔وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کو 3900 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ای وی ایم پر انتخابات کے لیے وزیرِ اعظم آفس کی مدد چاہیے ہو تو وہ بھی دی جائے۔
اس حوالے سے وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کابینہ اجلاس میں اسلام آباد بلدیاتی انتخابات پر بریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹریننگ اور ٹیسٹنگ کے لیے 50 مشینیں الیکشن کمیشن کو فوری فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ 15 اپریل مقرر کی ہے، 15 اپریل سے پہلے الیکشن کمیشن کو 3900 ای وی ایمز فراہم کر دی جائیں گی۔