ممبئی ڈاک یارڈ پر لنگر انداز بھارتی نیوی کے بحری جنگی جہاز میں دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں بھارتی نیوی کے 3 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
بھارتی بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ممبئی کے نیول ڈاکیارڈ میں کھڑے آئی این ایس رنویر کے ایک اندرونی کمپارٹمنٹ میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں نیوی کے 3 اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہو گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق دھماکے کے فوری بعد نیوی کے عملے نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کرلیا، جس کی وجہ سے جہاز کسی بڑے نقصان سے بچ گیا۔
بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی انکوائری کیلئے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ آئی این ایس رنویر 1986ء میں بھارتی بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوا تھا۔