عرب فوجی اتحاد نے یمن کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے 80 جنگجوؤں کو ہلاک، جبکہ ان کی 9 عسکری گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں مبینہ ڈرون حملے کے ایک روزبعد عرب اتحاد نے یمن کے علاقے مآرب سمیت دیگر علاقوں میں 17 فضائی حملے کئے ہیں، جن میں مجموعی طور پر 80 باغی ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ ان کے زیراستعمال 9 عسکری گاڑیوں کو مکمل تباہ کردیا گیا ہے۔
عرب فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی کاروائیوں کے بعد ان کے ٹھکانوں پر حملوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے، جس میں حوثیوں کے صرف جائزفوجی اہداف پر حملے کئے جا رہے ہیں، دوسری جانب عرب اتحاد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پہلے سے نشانہ بنائے گئے مقامات کے قریب جائیں اور نہ وہاں اکٹھے ہوں۔