وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ مری کی رپورٹ کے بعد ڈی سی، سی ٹی او راولپنڈی اور اے سی مری سمیت متعدد افسران کومعطل کر دیا، انضباطی کاروائی کا حکم

19  جنوری‬‮  2022

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سانحہ مری کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سی پی او اور اے سی مری، ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او راولپنڈی سمیت متعدد افسران کو عہدے سے معطل کرتے ہوئے ان کے خلاف انضباطی کاروائی کی بھی سفارش کر دی ہے۔

آج سانحہ مری کی تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کردی، جس کےبعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ تحقیقاتی رپورٹ میں سرکاری افسران کی غفلت اور کوتاہی سامنے آئی ہے، جس کے بعد کمیٹی کی سفارشات پر 15 افسران کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر، سی پی او راولپنڈی، سی ٹی او راولپنڈی، ڈی ایس پی ٹریفک اوراے ایس پی مری کو عہدے سے ہٹاکر ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو عہدے سے ہٹا کر حکومت  کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور ان کو معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

عثمان بزدار نے مزید بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنر مری کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا ہے، جبکہ ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مری، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی  آفیسر مری، انچارج مری ریسکیو1122 اور ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے پنجاب کو بھی ان کے عہدوں سے معطل کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں کہنا تھا کہ متعلقہ افسران اپنے فرائض انجام دینے سے قاصر رہے، جنہیں ہٹا کر ان کے خلاف انضباطی کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا سانحہ تھا،جس کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی، جس کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کر رہے تھے۔

سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ میں غفلت اور کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی، متعلقہ حکام اپنے فرائض اور رسک کا ادراک کرنے سے قاصر رہے، جن کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ رواں مہینے 9 جنوری 2022ء کو مری میں برفانی طوفان  کے باعث ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنس گئے تھے،  جس کے نتیجے میں شدید سردی اور دم گھٹنے سے ایک خاندان کے 8 افراد سمیت 23 سیاح جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس سانحے کے بعد مری کو آفت زدہ قرار دے کر شہر میں سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved