ملک میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بڑھ کر ساڑھے 11 فیصد ہو گئی، اور کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 41 فیصد تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 7 ہزار 670 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3 ہزار 149 کیسز مثبت آئے۔ اکستان میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح ساڑھے 11 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد انتقال کرگئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح 11.55 فیصد تک پہنچ گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 58 ہزار 943 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 6808 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
گزشتہ روز اس وبا نے مزید 5 افراد کی زندگیوں کو نگل لیا جب کہ مثبت کیسز کی شرح 11.55 فیصد ریکارڈ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 918 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔