اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم پرفرد جرم عائد کردی، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے رانا شمیم پر عائد الزامات پڑھ کرسنائے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں رانا شمیم، صحافی انصارعباسی ودیگر کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جج راناشمیم پر فردِ جرم عائد کردی جبکہ میرشکیل،انصارعباسی اور عامرغوری پر فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ موخر کردیا ۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ نے چارج شیٹ پڑھ کر سنائی، ریمارکس میں کہا کہ ایک بیانیہ دے کر اسلام آباد ہائی کورٹ کو فوکس کیا گیا، یہ کس طرح کا بیانیہ ہے کہ اس عدالت کے ججز کمپرومائزڈ ہیں؟یہ عدالت سرعام احتساب پر یقین رکھتی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب بشیر عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ اٹارنی جنرل اور عدالتی معاونین کی رائے کے مطابق صحافیوں کی حد تک فرد جرم کی کارروائی موخر کی جائے۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ میری مؤدبانہ درخواست ہو گی کہ رانا شمیم پر چارج فریم اور باقیوں کی حد تک چارج موخر کیا جائے۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے میر شکیل، انصار عباسی،عامرغوری پر فرد جرم مؤخر کرنے کی استدعا کی، جس پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا یہ ایک عدالتی معاملہ ہے ، فردجرم عائد کرنا بھی آئینی تقاضا ہے، میرا کسی سےغرض نہیں بلکہ صرف اسی عدالت سے ہے، 2 دن بعد کیس فکس ہے، تھرڈ پارٹی کی بیان حلفی اخبارمیں چھاپ گئی۔
اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس سے مکالمے میں کہا کہ آپ نے بالکل صحیح کہاکہ فوکس اس عدالت پرہی تھا ، آج پہلی بار میڈیا کی جانب سےدبےلفظوں میں ندامت ہے، رانا شمیم کوفیئرٹرائل کاپوراحق ہےمگرانہوں نےجوکہاوہ مان رہے ہیں ،صحافیوں کی حد تک اس کیس میں چارج فریم کو ختم کیا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جج راناشمیم پرفرد جرم عائد کر دی ، عدالت نے راناشمیم کیخلاف فرد جرم پڑھ کر سنائی، راناشمیم کے بیان حلفی کو فرد جرم کا حصہ بنا دیا۔عدالت نے میر شکیل، انصارعباسی اور عامرغوری پر فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ موخر کردیا۔
اس سے پہلے سماعت کے آغاز میں جسٹس اطہر من اللہ نے فریقین سے کہا کہ عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کا حکم پہلے دیا تھا اس لیے پہلے چارج فریم کریں گے پھر آپ کو سنیں گے۔عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے رانا شمیم کو روسٹرم پر طلب کیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے دو نئی درخواستیں دائر کردی ہیں۔عدالت نے کہا کہ پہلے فردجرم عائد ہوگی پھر درخواستیں دیکھیں گےعدالت حکم دے چکی تھی آج فردجرم عائد ہوگی۔رانا شمیم نے عدالت نے وکیل لطیف آفریدی کے پہنچنے تک کی مہلت مانگی تو عدالت نے سماعت میں ایک گھنٹے کا وقفہ کردیا۔