امریکہ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں نے ابوظہبی پر حملے میں کروز اور بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ ڈرونز کا بھی استعمال کیا۔
جوئش انسٹیٹیوٹ فار نیشنل سیکیورٹی آف امریکہ کے زیر اہتمام ایک پینل سے گفتگو کرتے ہوئے اماراتی سفیر کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں نے کروز اور بیلسٹک میزائلوں کے ساتھ ڈرونز استعمال کرکے متحدہ عرب امارات میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا، انہوں نے بتایا کہ یہ صرف ایک حملہ نہیں تھا، کئی حملوں کو روکا گیا، لیکن حوثی باغیوں کا ابو ظہبی پر حملہ ناکام نہ بنایا جا سکا، جس کے باعث تین بے گناہ شہری جاں بحق ہو گئے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ پہلی بار سرکاری طور پر اعتراف کیا گیا ہے کہ ابو ظہبی پر حملے میں حوثی باغیوں کی جانب سے میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
یاد رہے کہ 17 جنوری کوابوظہبی پر ہونے والے حملے کے باعث پٹرولیم ٹینکرز پھٹ گئے اور ائیر پورٹ کے زیرتعمیر حصے کو بھی آگ لگ گئی تھی، جس کے باعث ایک پاکستانی اور 2 بھارتی شہری ہلاک ہو گئے تھے، یمن میں آئینی حکومت کے خلاف نبردآزما حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔