لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں گھر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 3 بچے جھلس کر دم توڑ گئے، میاں بیوی اور دیگر 3 بچے شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کسی کو بچنے کی مہلت نہ ملی اور 6 بچوں سمیت 8 افراد بری طرح جھلس گئے، 3 بچے زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ دیگر زخمیوں کو مقامی ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے چونگی امر سدھو میں آتشزدگی کے باعث 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا اور کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ع وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔
حکام کا بتانا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں 3 بچے 6 سالہ عمر، 4 سالہ زہرا اور 2 سالہ علی عباس دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے جبکہ مراتب علی، اہلیہ فرزانہ اور تین بچے علی رضا، علی حسن اور علی حمزہ زخمی ہو گئے۔