محکمہ موسمیات نے آج سے مری اور گلیات میں شدید برف باری کی پیش گوئی کی ہے،ضلعی انتظامیہ نے مری میں سیاحوں کے داخلے کی مشروط اجازت دے دی۔
محکمہ موسمیات نے جمعے کی رات سے پیر کی صبح تک مری میں شدید برفباری کی پیشگوئی کردی ہے، ضلعی پولیس کی جانب سے ٹریفک ایڈوائزری الرٹ جاری کرکے اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
سی ٹی او راولپنڈی وسیم ریاض کا کہنا ہے کہ مری میں 8 ہزارسے زائد گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی،شام 5 سے صبح 5 بجے تک سیاحوں کے مری میں داخلے پر پابندی ہوگی،مری کے داخلی راستوں پرخصوصی چیکنگ پکٹس قائم کی گئی ہیں۔
سی ٹی او نے بتایا کہ مکینیکلی فٹ گاڑی اور لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو ہی مری جانے کی اجازت ہوگی،جبکہ مری آنے والے سیاح موسم کی شدت اور رش کی صورتحال کو مدنظر رکھیں، گاڑی میں اضافی گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء ضرور رکھیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ سیاح ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظراپنی گاڑی میں مکمل ٹول کٹ رکھیں اور مری آتے وقت اپنی گاڑی کا فیول ٹینک فل رکھیں، مری کی سڑکوں پر دو طرفہ ٹریفک چلتی ہے لہٰذا ڈبل لین ہرگزنہ بنائیں۔