وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی حیدر زیدی نے کہا کہ سندھ میں 2 ٹانگوں والے چوہے 30 ارب کی گندم کھا گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علی زیدی نے لاڑکانہ کو بھٹو کا شہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آصف زرداری سے حساب لیں گے، سندھ میں انقلاب لانے کا آغاز لاڑکانہ سے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایک بڑے ڈاکو کو لندن بھگا دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے الطاف حسین کے دور میں کہا تھا کراچی تمہارے باپ کا نہیں ہے، آج لاڑکانہ میں آصف علی زرداری سے بھی یہی کہتا ہوں کہ یہ صوبہ تمہارے باپ کا نہیں ہے۔علی زیدی نے کہا ہے کہ جو سلوک تم نے صوبہ سندھ کے ساتھ کیا ہے اسکا تم سے حساب لیا جائے گا ، ہم عمران خان کی قیادت میں تمام پاکستانی آصف علی زرداری سے حساب لیں گے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور نے کہا کہ کورونا وبا کے سبب نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مہنگائی ہے ، گندم کو سندھ کے کسان خود اگاتا ہے، پاکستان میں مہنگائی اسلیے ہوئی ہے کہ سندھ میں 2 ٹانگوں والے چوہے تیس ارب کی گندم کھا گئے۔انہوں نے کہا کہ یوریا میں چوری جب بھی ہوگی تو اس میں آصف زرداری کا ہاتھ ہوتا ہے، چینی کی چوری میں آصف علی زرداری اور اومنی گروپ والوں کا ہاتھ ہوتا ہے ، لاڑکانہ بھٹو کا شہر تھا ،آصف علی زرداری کا نہیں تھا۔
علی زیدی نے کہا ہے کہ اب ہمیں آصف علی زرداری کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے، کراچی میں عزیر بلوچ کے ساتھ سلوک سب کے سامنے ہے، 460 بلین روپے کا پیکج سرکار سندھ کو دیتی ہے ، کراچی میں بسیں چلانے سے لے کر کچرا اٹھانے تک سب وفاقی حکومت کرتی ہے۔