اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یمن کے دارالحکومت صنعا ،حدیدہ شہر اور دیگر مقامات پر ہونے والے مسلسل فضائی حملوں اور شیلنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئےتمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کریں۔
اقوام متحدہ – (اے پی پی): اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی بریفنگ میں بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے یمن کے متعدد مقامات پر ہونے والے مسلسل میزائل حملوں اور شیلنگ پر تشویش کا اظہار کیا جس کے نتیجے میں شہری جاں بحق ہوئے اور شہری ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا احترام کریں۔
ترجمان نے کہا کہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب ہانس گرونڈ برگ نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، یمن کے وزیر خارجہ احمد اواد بن مبارک اور دیگر سعودی اور یمنی عہدیداروں سے ملاقات کی اور یمن میں میزائل حملوں سمیت فوجی کشیدگی میں اضافے کی حالیہ لہر کی بھی مذمت کی اور فوری طور پر کشیدگی میں کمی اور جامع سیاسی مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے ممکنہ آپشنز پر تبادلہ خیال کیا۔