معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ سیاسی کورونا وائرس آئندہ ڈیڑھ سال تک ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ عوام اپوزیشن کے سیاسی کورونا سے بھی باخبر رہیں تو بہتر ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ کورونا کی طرح اپوزیشن بھی بھیس بدل بدل کر ملک و قوم کو نقصان پہنچاتی آئی ہے، گزشتہ تین سال سے اس سیاسی وائرس کا پھیلاؤ مثبت حکومتی پالیسیوں نے روکا ہوا ہے۔حسان خاور نے کہا کہ اس وائرس کے رکنے سے برآمدات میں اضافہ، ریکارڈ ترسیلات زر، بہترین معاشی ترقی ہوئی، فوٹو شوٹ گورننس، اپنوں کو نوازنا، ملکی خزانے کو نقصان پہنچانا اس سیاسی وائرس کے سائیڈ ایفیکٹس ہیں۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ اسی وائرس نے حکومت کو صوبے کے وسائل کی منصفانہ تقسیم سے روکے رکھا البتہ آج یہ وائرس کاٹ نہیں سکتا، لیکن منفی پراپیگنڈے کا زہر پھیلانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح کے ریکارڈ ترقیاتی کاموں سے اس سیاسی وائرس کا توڑ کر رہی ہے، کورونا وائرس سے عوام کی حفاظت حکومتی پالیسی اور عوامی مدد سے ممکن ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ عوام خاطر جمع رکھے! سیاسی کورونا وائرس آئندہ ڈیڑھ سال ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، عوام سے درخواست ہے کہ احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ اختیار کرنا کورونا سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔