پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کا مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ

17  اکتوبر‬‮  2021

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا کہنا ہے کہ قوم کو مسائل اور معاشی تباہی سے نجات دلانے کیلئے سڑکوں پر آئیں گے۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ  کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آج اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک بھر میں 2 ہفتوں کیلئے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مظاہرے کئے جائیں گے، غریب آدمی خود کشیوں پر مجبور ہے اور حکومت  آئے روز مہنگائی کے بم عوام پر گرا رہی ہے۔

اس سے قبل پی ڈِ ایم کے سربراہ  مولانا فضل الرحمان اوراپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کیلئے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملانے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ناکامی پر قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو بتایا جائے بجلی ،گیس،پٹرول اور چینی کی قیمت پر مذاکرا ت کیوں ناکام ہوئے، عوام مہنگائی سے پریشان ہیں ان کا معاشی قتل بند کیا جائے۔

ادھر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے بھی کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے،آئی ایم ایف سے ڈیل کی وجہ سے مہنگائی بڑھ رہی ہے،عوام کا جینا اور مرنا بھی مہنگا ہوچکا ہے، ملک میں تاریخی بے روزگاری ،غربت اور مہنگائی ہے۔ اگر عمران خان کے مہنگائی کے متعلق سابقہ بیانات پر جائیں تو ان سے بڑا چور وزیراعظم پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا۔ بڑھتی ہوئے مہنگائی کو لیکر حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو گھر بھیجنے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved