وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر میں سڑکوں پر نکل آیا تو بہت خطرناک ثابت ہوں گا۔
آج عوام کے ساتھ لائیو کال سیشن میں وزیراعظم عمران خان نے مختلف سوالوں کے جواب دئیے، ایک کالر نے اپوزیشن کے احتجاج کے متعلق سوال کیا تو وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ تو تین سال سے یہی کر رہے ہیں، کبھی کوئی بے روزگار سیاستدان کہتا ہے کہ میں حکومت گرا دوں گا، کبھی کوئی اور حکومت جانے کی تاریخیں دینے لگتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ عوام کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، عوام ایک بار بھٹو کیلئے نکلی تھی، اس کے بعد سب سے زیادہ عوام میرے ساتھ نکلی ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے 4 بار مینار پاکستان بھرا ہے، یہ ساری پارٹیوں کا گلدستہ ایک بار بھی مینار پاکستان نہیں بھر پایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری عوام بیوقوف نہیں ہے، کہ آپ کی چوری بچانے کیلئے آپ کے ساتھ نکلے، میں عوام کا چوری کیا ہوا پیسہ بچانے نکلا تھا، اس لئے عوام میرے ساتھ نکلی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بالکل مہنگائی ہے، عوام تنگ ہیں، لیکن وہ آپ کے ساتھ نہیں نکلیں گے، انہوں نے کہا کہ ہم اتنے بڑے چیلنجز سے نکلے ہیں، یہ ٹرم تو ہماری ہے ہی، اگلی ٹرم بھی ہماری ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن جماعتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ میں اگر حکومت سے نکل گیا تو بہت خطرناک ثابت ہوں گا، انہوں نے کہا کہ ابھی تو میں دفتر بیٹھ کے آپ کے تماشے دیکھ رہا ہوتا ہوں، میں سڑکوں پر نکل آیا تو آپ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، انہوں کے کہا کہ عوام کا لاوا پک رہا ہے، انہیں صرف آپ کی طرف دکھانے کی ضرورت ہے، پھر کوئی لندن بھاگ رہا ہو گا کوئی کہیں اور بھاگ رہا ہو گا۔
وزیراعظم عمران خان نے نوازشریف کا نام لئے بغیر کہا کہ ان کی پارٹی کہتی ہے کہ وہ آج آ جائے گا، کل آ جائے گا، انہوں نے کہا کہ ہم تو دعا کرتے ہیں کہ وہ واپس آئے، لیکن وہ نہیں آئیں گے، کیونکہ انہیں پیسے سے پیار ہے، وہ وہاں سے بیٹھ کر ڈیل کے شوشے چھوڑ رہے ہیں، کینکہ اگر اتنا بھی نہ کریں تو ان کی پارٹی ٹوٹنے کیلئے تیار ہے۔