بھارت کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست، جنوبی افریقہ کا 3-0 سے کلین سویپ

23  جنوری‬‮  2022

جنوبی افریقہ نے بھارت کو تیسرے ون ڈے میں شکست دے کر سیریز 3-0 سے جیت لی ہے۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کا آغاز اتنا اچھا ثابت نہ ہوا، کیونکہ جینمن ملان 1 اور کپتان ٹیمبا باووما 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، ایڈن مرکرم کے 15 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم 70 رنز پر 3 وکٹیں گنوا کر دباؤ کا شکار نظر آتی تھی۔

اس مشکل صورتحال کو کوئنٹن ڈی کوک اور وینڈر ڈوسن نے اعتماد سے سنبھالا اور 144 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

ٹیم کے مجموعی اسکور 214 پر ڈی کوک آؤٹ ہوئے تو ابھی 14 اوورز سے زائد کا کھیل باقی تھا، اس وقت جنوبی افریقن بلے بازوں کی باڈی لینگوئیج یہ بتا رہی تھی کہ میزبان ٹیم 300 سے زائد رنز کا ہدف دینے میں آسانی سے کامیاب ہو جائے گی، لیکن پریسید کرشنا سمیت دیگر بھارتی باؤلرز نے پروٹیز کے عزائم کو ناکام بنا دیا، اور اس کے بعد 39 رنز بنانے والے ڈیوڈ ملر کے علاوہ کوئی اور بلے باز بھارتی باؤلنگ کا مقابلہ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 50 ویں اوور میں 287 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے کرشنا نے 3 جبکہ جسپریت بمراہ اور دیپک چاہر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارتی ٹیم 288 رنز کا تعاقب کرنے کیلئے میدان میں اتری تو آغاز میں ہی کپتان لوکیش راہل صرف 9 رنز بنا کر لنگی نگیدی کا شکار بن گئے، اس کے بعد ویرات کوہلی اور شیکھر دھاون نے نصف سنچریاں سکور کرنے کے ساتھ 98 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن ایندائل فلکوایو نے شاندار اوور کراتے ہوئے شیکھر دھاون کو 61 رنز پر اور اگلی ہی بال پر ریشابھ پنت کو آؤٹ کر دیا، اور یوں بھارتی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی۔

ٹیم کا اسکور ابھی 156 تک پہنچا تھا کہ ویرات کوہلی 65 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد سوریا کمار یادیو نے آتے ہی روایتی جارحانہ انداز اپنایا اور آئیر کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 195 تک پہنچایا۔

آئیر اور جانیت یادیو کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کا مجموعی اسکور 223 پر پہنچ چکا تھا، اور 7 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے، لیکن اس کے بعد آل راؤنڈر دیپک چاہر  نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جسپریت بمراہ کے ہمراہ آٹھویں وکٹ کیلئے 55 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا، فتح سے صرف 10 رنز کی دوری پر چاہر کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 34 گیندوں پر 54 رنز بنا کر نگیدی کی بال پر آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد جسپریت بھی فلکوایو کو وکٹ دے بیٹھے، اور پریٹوریس نے یزویندر چاہل کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں 4 رنز کی فتح سے ہمکنار کیا، بھارت کی پوری ٹیم آخری اوور میں 283 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے نگیدی وار فلکوایو نے 3،3 جبکہ ڈیوین پریٹوریس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved